ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / قبلہ اول میں نمازیوں پر تشدد پوری فلسطینی قوم پر حملہ ہے:حماس

قبلہ اول میں نمازیوں پر تشدد پوری فلسطینی قوم پر حملہ ہے:حماس

Mon, 27 Jun 2016 17:33:35  SO Admin   S.O. News Service

غزہ،27جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور مسجد میں موجود نمازیوں اور معتکفین پر وحشیانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور نمازیوں پر تشدد کو فلسطینی قوم اور تمام مقدسات پر حملہ قرار دیا ہے۔ حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے دھاوے، نمازیوں کی پکڑ دھکڑ اور ان پر تشدد پوری فلسطینی قوم اور تمام فلسطینی مقدسات پر حملے کے مترادف ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جہاں ایک طرف ہزاروں افراد کو مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائی سے روک کر مسلمانوں کے مذہبی امور میں مداخلت کی ہے وہیں ایک قدم اور آگے بڑھ کر اب نمازیوں ، روزہ داروں اور معتکفین کو ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔حماس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے قبلہ اول پرحملہ اور وہاں پر موجود نمازیوں پر تشدد صہیونی ریاست کی مذہبی جنگ کے مترادف ہے۔ اسرائیل نے فلسطینی قوم کے خلاف کھلے عام جنگ مسلط کر رکھی ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی پولیس اور فوج کی بھاری تعداد نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر وہاں پر اعتکاف بیٹھے روزہ داروں پر وحشیانہ تشدد کیا تھا، جس کے نتیجے میں کئی نمازی شدید زخمی ہوگئے تھے جب کہ چار معتکفین کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج اور پولیس کی اس اشتعال انگیز کارروائی کے نتیجے میں فلسطینی عوامی، سیاسی اور مذہبی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے نمازیوں پر المناک تشدد کو اسرائیلی فوج کی ننگی جارحیت قرار دیتے ہوئے سنگین نتائج کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا ہے۔


Share: